ہیڈ لائنز

پاکستان میں مقامی خودکار ویب مانیٹرنگ سسٹم فعال، سرکاری ویب سائٹس پر ریئل ٹائم نگرانی کا آغاز

 


 


 

پاکستان میں مقامی خودکار ویب مانیٹرنگ سسٹم فعال، سرکاری ویب سائٹس پر ریئل ٹائم نگرانی کا آغاز

نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے 1500 سے زائد سرکاری اور اہم ویب پورٹلز کی خودکار نگرانی شروع کر دی

تاریخ ہفتہ 12 مارچ 2026

جستجو نیوز اسلام آباد

پاکستان نے سائبر حملوں کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر مقامی طور پر تیار کردہ خودکار ویب مانیٹرنگ سسٹم فعال کر دیا ہے۔ نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (نیشنل سرٹ الرٹ) کے مطابق یہ جدید نظام ملک کی 1 ہزار 527 سرکاری اور اہم ویب سائٹس اور ایپلیکیشنز کی ریئل ٹائم نگرانی کرے گا، جس کے ذریعے کسی بھی سائبر خطرے کا فوری پتہ چلتے ہی متعلقہ اداروں کو خودکار الرٹس ارسال کیے جائیں گے

وفاقی حکومت کی 407 ویب سائٹس کی نگرانی اس سسٹم کے ذریعے کی جا رہی ہے، جبکہ صوبائی سطح پر بھی مکمل نگرانی نافذ ہے۔ خیبرپختونخواہ حکومت کی 282، پنجاب کی 209، سندھ حکومت کی 174، بلوچستان کی 108، گلگت بلتستان کی 51 اور آزاد کشمیر کی 133 ویب سائٹس بھی نظام کے دائرہ کار میں شامل ہیں۔ نجی شعبے کی 119 اور بینکنگ سیکٹر کی 44 ویب سائٹس کی نگرانی بھی جاری ہے

نظام ویب سائٹس پر ہونے والے کسی بھی مشکوک واقعے کی فوری شناخت کے بعد متعلقہ اداروں کو الرٹس بھیجتا ہے، جس سے سائبر حملوں کی روک تھام میں وقت ضائع ہونے کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ خودکار مانیٹرنگ سسٹم پاکستان کی سائبر سیکیورٹی انفراسٹرکچر میں ایک اہم سنگ میل ہے، کیونکہ یہ نہ صرف فوری الرٹس فراہم کرتا ہے بلکہ کسی بھی سائبر حملے کی شدت اور نوعیت کا تجزیہ بھی کرتا ہے

اس سے قبل پاکستان نے سوشل میڈیا کی نگرانی کے لیے فائر وال منصوبہ نصب کیا تھا، تاہم تکنیکی مسائل کے باعث یہ منصوبہ ناکام رہا۔ حکومت نے 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی سے قبل اس فائر وال کو مستقل طور پر بند کر دیا تھا۔ فائر وال کے ناکام ہونے کی وجہ سے نہ صرف قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا بلکہ انٹرنیٹ سروس سست ہونے کے باعث لاکھوں فری لانسرز اور ہزاروں ڈیجیٹل کمپنیوں کی خدمات متاثر ہوئی تھیں

ماہرین نے اس ناکامی کا سبب فائر وال اور ٹیلی کام انفراسٹرکچر کے درمیان ہم آہنگ نہ ہونا قرار دیا اور سفارش کی کہ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے فائر وال کو مستقل بند کیا جائے

نیشنل سرٹ الرٹ کے مطابق مقامی طور پر تیار شدہ ویب مانیٹرنگ سسٹم نہ صرف وفاقی اور صوبائی ویب سائٹس کی حفاظت کرے گا بلکہ نجی شعبے اور بینکنگ سیکٹر کی حساس ویب پورٹلز کو بھی ریئل ٹائم تحفظ فراہم کرے گا۔ اس سے پاکستان میں سائبر حملوں کے خطرات میں کمی اور قومی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی مضبوطی میں اضافہ متوقع ہے


0 Comments

Type and hit Enter to search

Close