ہیڈ لائنز

ایران کا جوابی وار، خلیجِ فارس میں امریکی آئل ٹینکر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

 



امریکی کارروائی کے ردِعمل میں ایرانی بحریہ کی کارروائی، آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول کا اعلان، واقعے کی آزاد ذرائع سے تصدیق تاحال ممکن نہیں

ہفتہ 7 مارچ 2026
رپورٹ جستجو نیوز

خلیجِ فارس میں کشیدگی ایک مرتبہ پھر خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے جہاں ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکی آئل ٹینکر کو میزائل حملے میں نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق یہ کارروائی امریکا کی جانب سے ایرانی جنگی بحری جہاز پر کیے گئے حملے کے جواب میں کی گئی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق چند روز قبل امریکا نے سری لنکا کے قریب سمندری حدود میں ایرانی بحریہ کے ایک جنگی جہاز کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں جہاز غرق ہو گیا اور اس پر سوار تقریباً ایک سو اہلکار سمندر میں ڈوب گئے۔ ایران نے اس کارروائی کو کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل کی وارننگ دی تھی۔

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق آج ایرانی بحریہ کے جنگی دستوں نے خلیجِ فارس کے شمالی حصے میں موجود ایک امریکی ٹینکر کو میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی جو تاحال جاری ہے۔

پاسدارانِ انقلاب نے ایک علیحدہ بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ایران کو آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل ہے اور خطے میں کسی بھی بیرونی جارحیت کا جواب دیا جائے گا۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ آبنائے دنیا کی اہم ترین سمندری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے جو خلیج فارس کو بحرِ ہند سے ملاتی ہے اور عالمی تیل تجارت کا بڑا حصہ اسی راستے سے گزرتا ہے۔

دوسری جانب اس واقعے کی آزاد ذرائع سے تصدیق ابھی تک ممکن نہیں ہو سکی۔ برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق اس حملے کی آزادانہ تصدیق نہیں کی جا سکی ہے اور صورتحال تاحال غیر واضح ہے۔

ادھر برطانیہ کی یو کے میری ٹائم ٹریڈ آرگنائزیشن نے اس سے قبل اطلاع دی تھی کہ جمعرات کی صبح کویت کے ساحل کے قریب خلیج فارس کے شمالی حصے میں ایک ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

ادارے کے مطابق لنگر انداز ٹینکر کے کپتان نے رپورٹ کیا کہ انہوں نے جہاز کے بائیں جانب ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی جس کے فوراً بعد ایک چھوٹی کشتی کو تیزی سے اس مقام سے دور جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے بعد کارگو ٹینک سے تیل سمندر میں بہنا شروع ہو گیا جس سے ماحولیاتی خطرات پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یو کے میری ٹائم ٹریڈ آرگنائزیشن کا مزید کہنا ہے کہ نشانہ بنائے گئے جہاز میں پانی داخل ہو گیا ہے تاہم آگ لگنے کی اطلاع نہیں ملی جبکہ جہاز کا عملہ محفوظ اور خیریت سے بتایا جا رہا ہے۔

تاحال امریکا کی جانب سے اس واقعے کے بارے میں کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی مبصرین صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ ایران نے کہا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔

 


0 Comments

Type and hit Enter to search

Close