ہیڈ لائنز

ٹرمپ کا ایران کو سخت پیغام، برطانوی فوجی مدد بھی مسترد

 


امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ میں امریکا کو برطانیہ کے طیارہ بردار جہازوں کی ضرورت نہیں، نئے ایرانی سپریم لیڈر کے مستقبل پر بھی سخت بیان


جستجو نیوز

اتوار 8 مارچ 2026

واشنگٹن
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو ایران کے خلاف جاری جنگ میں برطانیہ کی فوجی مدد کی ضرورت نہیں رہی۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا اس جنگ میں اپنی برتری قائم کر چکا ہے اور صورتحال اس کے کنٹرول میں ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے تازہ بیان میں ایران کی مستقبل کی قیادت کے بارے میں بھی سخت مؤقف اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کا نیا سپریم لیڈر امریکی پالیسیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے زیادہ عرصہ تک اپنی سیاسی حیثیت برقرار نہیں رکھ سکے گا۔ ان کے مطابق خطے میں استحکام اور عالمی سلامتی کے تناظر میں امریکا یہ نہیں چاہتا کہ ایران دوبارہ جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت حاصل کرے۔

امریکی صدر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران مشرق وسطیٰ کے خطے میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے سرگرم منصوبہ بندی کر رہا تھا اور اسی تناظر میں امریکا اور اس کے اتحادیوں نے سخت مؤقف اختیار کیا ہے۔

دوسری جانب ایران میں اعلیٰ ترین قیادت کے منصب یعنی سپریم لیڈر کے انتخاب کے معاملے پر سیاسی اور عالمی سطح پر بحث تیز ہو گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق شہید رہبرِ معظم آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے جانشین کے نام پر مجلس خبرگان کے اندر اتفاق رائے ہو چکا ہے، تاہم اس حوالے سے باضابطہ اعلان ابھی باقی ہے جو مجلس خبرگان رہبری کی جانب سے کیا جائے گا۔

ایرانی ذرائع کے مطابق معروف عالم دین آیت اللہ احمد علم الہدیٰ نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔ اسی طرح مجلس خبرگان کے رکن آیت اللہ محمد مہدی میر باقری کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کونسل کے بیشتر ارکان نے نئے رہبر اعلیٰ کے حق میں ووٹ دے دیا ہے، تاہم حتمی اعلان سکیورٹی اور سیاسی حالات کے پیش نظر مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ایران میں قیادت کی ممکنہ تبدیلی نہ صرف داخلی سیاسی منظرنامے کو متاثر کر سکتی ہے بلکہ مشرق وسطیٰ کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بھی اس کے دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ بالخصوص امریکا اور ایران کے درمیان پہلے سے موجود کشیدگی کے تناظر میں اس پیش رفت کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔

 


0 Comments

Type and hit Enter to search

Close