ہیڈ لائنز

آبنائے ہرمز کی بندش کا خطرہ، تین ہفتوں میں یورپ کو شدید جیٹ فیول بحران کا خدشہ

 



آبنائے ہرمز کی بندش کا خطرہ، تین ہفتوں میں یورپ کو شدید جیٹ فیول بحران کا خدشہ
ایندھن کی قیمتیں تاریخی بلند سطح پر، ایئرپورٹس نے آپریشنز اور فضائی روابط متاثر ہونے کی وارننگ دے دی

ہفتہ 11 اپریل 2026
رپورٹ جستجو نیوز

برسلز
عالمی توانائی رسد کے ایک اہم گزرگاہ آبنائے ہرمز کی ممکنہ طویل بندش نے یورپ کے فضائی شعبے کے لیے سنگین خطرات کو جنم دے دیا ہے، جہاں ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ تین ہفتوں کے اندر جیٹ فیول کی شدید قلت پیدا ہو سکتی ہے۔

یورپی ہوائی اڈوں کی نمائندہ تنظیم ایئرپورٹس کونسل انٹرنیشنل یورپ نے یورپی کمیشن کے اعلیٰ حکام کو ارسال کردہ ایک ہنگامی مراسلے میں کہا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل اور ایندھن کی ترسیل جلد بحال نہ ہوئی تو یورپ کے ہوائی اڈوں کی آپریشنل صلاحیت بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔

ادارے کے مطابق گزشتہ ہفتے یورپی جیٹ فیول کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح 1,838 ڈالر فی ٹن تک پہنچ گئی، جو جنگ سے قبل 831 ڈالر فی ٹن تھی، اس غیر معمولی اضافے نے ایئرلائنز اور ہوائی اڈوں دونوں کے لیے مالی اور آپریشنل دباؤ میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔

خط میں واضح کیا گیا کہ یورپی یونین اپنی فضائی ایندھن کی تقریباً نصف ضروریات خلیجی خطے سے پوری کرتی ہے، جس کی وجہ سے اس راستے میں کسی بھی تعطل کے فوری اور گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ تنظیم کے ڈائریکٹر جنرل نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ چند ہفتوں میں بحری آمد و رفت بحال نہ ہوئی تو یورپ میں ایک نظامی نوعیت کا ایندھن بحران جنم لے سکتا ہے۔

صورتحال کے پیش نظر متعدد ایئرلائنز نے اپنی پروازوں میں کمی شروع کر دی ہے، جبکہ ممکنہ قلت کے خدشے کے باعث ٹکٹوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر یہ بحران طول پکڑتا ہے تو نہ صرف فضائی سفر بلکہ یورپ کی وسیع تر معیشت بھی اس کے اثرات سے محفوظ نہیں رہ سکے گی۔

 


0 Comments

Type and hit Enter to search

Close