کتائب حزب اللہ کے سربراہ احمد الحیمدوی کی گرفتاری پر 10 ملین ڈالر
انعام مقرر
عراق میں سرگرم تنظیم پر امریکی الزامات سخت، خطے میں کشیدگی مزید
بڑھنے کا امکان
بدھ، 15 اپریل 2026
رپورٹ جستجو نیوز
امریکا نے عراق میں ایران کی حمایت یافتہ مسلح
تنظیم کتائب حزب اللہ کے سربراہ احمد الحیمدوی کی گرفتاری یا ان کے بارے میں
معلومات فراہم کرنے پر 10 ملین ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدام امریکی
ریوارڈز فار جسٹس پروگرام کے تحت سامنے آیا ہے جسے خطے میں ایک اہم پیش رفت قرار
دیا جا رہا ہے۔
امریکی نشریاتی اداروں کے مطابق اعلان میں مؤقف
اختیار کیا گیا ہے کہ احمد الحیمدوی کی قیادت میں تنظیم نے عراق میں امریکی مفادات
اور شہریوں کو نشانہ بنایا ہے۔ واشنگٹن کے مطابق یہ گروہ خطے میں متعدد حملوں میں
ملوث رہا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کتائب حزب اللہ نے
ایران کی حمایت کے ساتھ عراق میں امریکی سفارتی تنصیبات پر حملوں، شہریوں کے اغوا
اور بعض کارروائیوں میں عام عراقی شہریوں کی ہلاکت میں کردار ادا کیا۔
رپورٹس کے مطابق حالیہ مہینوں میں بغداد میں
امریکی صحافی کے مبینہ اغوا اور چند روز بعد رہائی کے واقعات نے بھی اس تنظیم سے
متعلق خدشات کو مزید بڑھایا۔ اسی طرح ماضی میں ایک اسرائیلی نژاد محقق کے اغوا اور
بعد ازاں رہائی کا واقعہ بھی اس گروہ سے جوڑا جاتا رہا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ تنظیم خطے میں
عدم استحکام پیدا کرنے والی سرگرمیوں میں ملوث ہے اور امریکی سفارتی مشنز کے لیے
مسلسل خطرہ بنی ہوئی ہے۔
کتائب حزب اللہ عراق میں سرگرم ان مسلح گروہوں
میں شمار ہوتی ہے جو ایران کے قریبی اتحادی سمجھے جاتے ہیں، اور امریکا پہلے بھی
ان کے خلاف پابندیاں اور محدود کارروائیاں کرتا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس نئے اعلان سے نہ صرف عراق
میں سیکیورٹی صورتحال مزید حساس ہو سکتی ہے بلکہ خطے میں پہلے سے جاری کشیدگی میں
بھی اضافہ متوقع ہے۔

0 Comments