ہیڈ لائنز

جنگ بندی کے نازک مرحلے میں پاکستان کی سفارتی مداخلت، ایران کا فوری ردعمل روک دیا گیا





جنگ بندی کے نازک مرحلے میں پاکستان کی سفارتی مداخلت، ایران کا فوری ردعمل روک دیا گیا

اسلام آباد مذاکرات کا محور بن گیا، لبنان کی شمولیت پر عالمی دباؤ اور براہ راست بات چیت کی تیاری

جمعہ، 10 اپریل 2026
رپورٹ جستجو نیوز

تہران / اسلام آباد / واشنگٹن
ایران کے نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے انکشاف کیا ہے کہ ایران جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزی پر فوری ردعمل دینے والا تھا تاہم پاکستان کی سفارتی کوششوں نے اس اقدام کو روک دیا، جس کے بعد مذاکراتی عمل کو ایک اور موقع دیا گیا۔

ایک انٹرویو میں خطیب زادہ نے کہا کہ آئندہ چند گھنٹے انتہائی اہم ہیں اور ایرانی وفد امن مذاکرات کے لیے اسلام آباد روانہ ہو رہا ہے، جہاں خطے کی کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم پیش رفت متوقع ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ امریکا کو فوری طور پر لبنان پر اسرائیلی حملے رکوانا ہوں گے کیونکہ ان کے بقول خطے میں پائیدار امن کے لیے لبنان کی شمولیت ناگزیر ہے۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ کے مطابق کسی بھی حتمی معاہدے تک پہنچنے سے قبل کچھ بنیادی شرائط پر اتفاق ضروری ہے، بصورت دیگر جنگ بندی کا عمل غیر مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ ایران پہلے ہی اسرائیل کے لبنان پر جاری حملوں کو امریکا کے ساتھ ہونے والی جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے معاہدے سے دستبردار ہونے کا عندیہ دے چکا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے اپنی کابینہ کو ہدایت دی ہے کہ اسرائیل کے ساتھ براہ راست مذاکرات کے لیے انتظامات کیے جائیں، جو سفارتی عمل میں ایک نئی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔

ادھر لبنان کے صدر جوزف عون نے بھی تصدیق کی ہے کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے لیے براہ راست مذاکرات کا آغاز متوقع ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل اور لبنان کے درمیان ممکنہ جنگ بندی مذاکرات کا پہلا باضابطہ اجلاس واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ کے دفتر میں منعقد ہوگا، جو خطے میں جاری بحران کے حل کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کی حالیہ سفارتی مداخلت نے نہ صرف فوری عسکری تصادم کو ٹال دیا بلکہ اسے خطے میں ایک اہم ثالث کے طور پر بھی نمایاں کر دیا ہے، جبکہ آئندہ مذاکرات اس بات کا تعین کریں گے کہ کشیدگی واقعی کم ہوتی ہے یا ایک نئے مرحلے میں داخل ہوتی ہے۔

  

0 Comments

Type and hit Enter to search

Close